حسینہ واجد کی بیٹی صائمہ واجدنے WHO عہدے سے استعفی دے دیا
نیویارک: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی بیٹی صائمہ واجد نے عالمی ادارہ صحت (WHO) جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔رائٹرز کے مطابق صائمہ واجد کے خلاف فراڈ اور دیگر الزامات سے متعلق تحقیقات جاری تھیں۔ انہوں نے فروری 2024 میں پانچ سال کے لیے عہدہ سنبھالا تھا، تاہم گزشتہ سال سے انہیں بغیر تنخواہ انتظامی رخصت پر رکھا گیا تھا۔بنگلہ دیش کے انسداد بدعنوانی کمیشن نے بھی صائمہ واجد کے خلاف فراڈ اور جعل سازی کے الزامات میں مقدمات درج کیے تھے، جبکہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے چین کے سفر سے متعلق مالی بے ضابطگیوں، تعلیمی اسناد سے متعلق غلط بیانی اور بنگلہ دیش میں پلاٹ کے مبینہ غیر قانونی حصول کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ صائمہ واجد نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔رائٹرز کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی ایک کمیٹی نے صائمہ واجد کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش بھی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے استعفیٰ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک بغیر معاوضے کے رخصت پر رہنے کے باعث ان کی مالی صورتحال ناقابلِ برداشت ہوگئی تھی۔ذرائع کے مطابق ڈبلیو ایچ او آئندہ سال جنوری میں جنوب مشرقی ایشیا کے نئے ریجنل ڈائریکٹر کے انتخاب کا عمل مکمل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جبکہ عبوری طور پر ڈاکٹر نلیش بدھا ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں