ہانیہ عامر کا موسیقی کی دنیا میں ڈیبیو، پہلا گانا ’’پابلو‘‘ ریلیز

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا گانا ’’پابلو‘‘ ریلیز کر دیا۔پنجابی ہپ ہاپ ٹریک ’’پابلو‘‘ میں ہانیہ عامر نے اپنے ناقدین اور مخالفین کو پیغام دیا ہے۔گانے کی کہانی اور کمپوزیشن ہانیہ عامر نے خود تیار کی ہے۔ گانے کا آغاز پیانو کی دھن سے ہوتا ہے، جس کے بعد پنجابی ہپ ہاپ انداز میں ہانیہ عامر اپنے بارے میں ہونے والی تنقید کا جواب دیتی ہیں۔ہانیہ عامر گانے میں کہتی ہیں کہ لوگ انہیں حد سے زیادہ خوبصورت ہونے کی وجہ سے نقلی سمجھتے ہیں اور ان کے محتاط رویے پر بھی سوال اٹھاتے ہیں۔گانے کی ایک لائن میں وہ کہتی ہیں، ’’اسی ہسدے تے تُسی پچھے سڑدے سڑدے، اسی چل آں تے روز پنگا لے رہے نے۔‘‘یعنی ’’ہم ہنس رہے ہیں اور تم پیچھے جل رہے ہو، ہم مزے میں ہیں اور تم روز ہم سے پنگا لینے کی کوشش کرتے ہو۔‘‘اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں پرسکون ہیں، جبکہ مخالفین مسلسل ان سے الجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گانے میں ہانیہ عامر نے اپنی مقبولیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی جاتی ہیں، ان کے مداح ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔ہانیہ عامر نے اپنے گانے میں اپنے ’’پنڈی اٹیٹیوڈ‘‘ کا بھی ذکر کیا ہے، جسے بھارت میں بھی خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ سازشی مخالفین کے برعکس اپنے اگلے قدم کی منصوبہ بندی نہیں کر رہیں۔ ان کا کہنا ہے، ’’میں انٹرویوز نہیں دیتی، مگر پھر بھی خبروں میں رہتی ہوں۔‘‘ہانیہ عامر نے ناقدین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بیٹھ جائیں، تھوڑا سانس لیں، سب انسان ہیں اور ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے مخالفین کو اپنی حیثیت کے مطابق زندگی گزارنے کا مشورہ بھی دیا۔گانے کا سب سے دلچسپ حصہ اس کا آؤٹرو ہے، جس میں بھارتی ریئلٹی ٹی وی اسٹار راکھی ساونت ہانیہ عامر کے لیے خصوصی پیغام دیتی ہیں۔راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا، ’’ہانیہ! میری جان، ٹینشن نہ لو، تم حور ہو اور تمہارے چہرے پر نور ہے، لوگ تمہاری خوبصورتی سے جلتے ہیں۔‘‘راکھی ساونت نے ہانیہ عامر کو شیرنی قرار دیتے ہوئے مخالفین کا بہادری سے سامنا کرنے کا پیغام بھی دیا۔انہوں نے کہا، ’’جو ڈر گیا، سمجھو مر گیا۔‘‘’’پابلو‘‘ کے ذریعے ہانیہ عامر نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنے خلاف ہونے والی تنقید سے باخبر ہیں، تاہم مخالفین کی نفرت کو خاطر میں نہیں لاتیں۔ انہوں نے اپنے مخالفین کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنی سانسیں بچائیں، جو وہ ان سے نفرت کرنے میں ضائع کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے