الیکشن کمیشن کی نئے انتخابات کی تیاریاں شروع
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں نئے انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں، انتخابی عمل سے دو سال قبل ہی انتخابی افسران اور عملے کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا، جس کے بعد صوبائی حکام نے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو انتخابی عملے کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو ڈیٹا بینک مکمل کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔خط کے متن کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز 10 روز میں ڈیٹا بینک مکمل کرکے اس کی تصدیق الیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے۔ انتخابی افسران کا اپ ڈیٹڈ ڈیٹا بینک آئندہ انتخابات کے دوران بروقت اقدامات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے ضلعی سطح پر انتخابی عملے کا ریکارڈ مکمل کرنے کی ہدایت کے ساتھ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست بھی اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں موجودہ پولنگ اسٹیشنز کی تصدیق کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو نئے پولنگ اسٹیشنز کے لیے عمارتوں کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اضافی پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ تمام اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کی موجودہ فہرست کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور نئے پولنگ اسٹیشنز کے لیے موزوں سرکاری و دیگر عمارتوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں