ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر اسلامی ممالک ذمہ دارانہ ردِعمل دیں: عباس عراقچی
تہران: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نئے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردِعمل دینا چاہیے اور طاقت کے استعمال و جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے حسین ابراہیم کو او آئی سی کا سیکریٹری جنرل مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے نئے منصب میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے امید ظاہر کی کہ نئے سیکریٹری جنرل اسلامی دنیا کو درپیش موجودہ حالات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی رابطے کو فروغ دینے میں او آئی سی کی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں گے۔عباس عراقچی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف مبینہ جارحیت کے بعد خطے کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر ذمہ دارانہ ردِعمل دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال اور جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی ممالک کی جانب سے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔عباس عراقچی نے اس موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں