دل چاہتا ہے‘ میں عامر خان کو 17 حقیقی تھپڑ مارے اکشے کھنہ کا انکشاف
بالی ووڈ کی مقبول فلم ’دل چاہتا ہے‘ کو ریلیز ہوئے 25 برس مکمل ہونے پر فلم کی کاسٹ اور ٹیم نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات یاد کیے، جن میں عامر خان کو ایک سین کے لیے حقیقت میں 17 تھپڑ مارے جانے کا حیران کن انکشاف بھی سامنے آیا۔فلم کے ہدایت کار فرحان اختر نے بتایا کہ ایک اہم سین میں اکشے کھنہ کے کردار ’سد‘ کو عامر خان کے کردار ’آکاش‘ کو تھپڑ مارنا تھا، تاہم اس سین میں استعمال ہونے والے تھپڑ نقلی نہیں بلکہ حقیقی تھے۔عامر خان کے مطابق مختلف کیمرا اینگلز اور شاٹس کے لیے یہ منظر 17 مرتبہ فلمایا گیا اور ہر مرتبہ اکشے کھنہ نے انہیں حقیقت میں تھپڑ مارا۔فرحان اختر نے بتایا کہ ابتدا میں صرف وائیڈ شاٹ کے لیے اصلی تھپڑ مارنے کا منصوبہ تھا، لیکن سین کے اثر کو دیکھتے ہوئے عامر خان نے خود باقی شاٹس میں بھی حقیقی تھپڑ کھانے پر اصرار کیا، کیونکہ اس سے انہیں کردار کی جذباتی کیفیت برقرار رکھنے میں مدد مل رہی تھی۔شوٹنگ مکمل ہونے تک عامر خان کے چہرے کے ایک جانب سوجن آگئی تھی اور تھپڑ کے واضح نشانات بھی موجود تھے۔فرحان اختر نے ایک اور دلچسپ واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اکشے کھنہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ طے شدہ لمحے سے ذرا پہلے عامر خان کو تھپڑ ماریں، تاکہ ان کے چہرے پر حیرت کا ردعمل حقیقی نظر آئے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں