پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور سفارت کاری عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے: رضوان سعید
واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہداء عزم، شجاعت اور قربانی کی لازوال یادیں تازہ کرتا ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر جبکہ عالمی امن کے لیے سفارت کاری ناگزیر ہے۔سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں یومِ دفاع و شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ غیر متزلزل عزم اور شجاعت کے ساتھ وطن کا دفاع کیا، جس پر پاکستانی عوام کو اپنی افواج پر فخر ہے۔تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں، ملٹری و سروسز اتاشیوں، امریکی حکومت کے اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ آپریشن معرکہ حق کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے، اب ملک کی معیشت کو ناقابلِ تنسیخ سطح تک مضبوط بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون دونوں ممالک کی پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا اہم ستون ہے۔رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ امن کے تحفظ کے لیے پاکستان کا اگلا محاذ ناقابلِ تنسیخ اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں