لاہور جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ، 70 افراد بحفاظت نکال لیے گئے
لاہور: جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث وارڈ میں دھواں بھر گیا اور ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے حاملہ خواتین سمیت تقریباً 70 افراد کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ گائنی وارڈ کی چھت میں نصب بجلی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ لگنے کے فوراً بعد ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ عملے نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور وارڈ میں موجود مریضوں، تیمارداروں اور دیگر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق آگ کے باعث وارڈ میں دھواں بھرنے سے ایک سیکیورٹی گارڈ کی حالت خراب ہوگئی، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم واقعے میں کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ فائر فائٹنگ عملے نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جس کے بعد صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات جاننے اور بجلی کی وائرنگ کا معائنہ کرنے کے لیے مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں