مہنگی گیس سے بجلی پیدا کی تو فی یونٹ مزید مہنگی ہوگی، وزیر توانائی
اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ایران امریکا جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ملک میں بجلی کی موجودہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ چند دن کی مشکل برداشت کریں، حکومت انہیں مہنگی بجلی کے اثرات سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔رات کے اوقات میں بجلی کی طلب بڑھنے پر لوڈ مینجمنٹ کی گئی: اویس لغاریاسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ رات کے اوقات میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔ وزیراعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ ایران امریکا جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش ہے۔ عوام چند دن کی مشکل برداشت کریں، حکومت انہیں مہنگی بجلی سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ اسپاٹ مارکیٹ سے مہنگی گیس خرید کر بجلی پیدا کرنا ممکن ہے، تاہم اس صورت میں بجلی کی قیمت 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیزل اور کوئلے سے چلنے والے بجلی پلانٹس فعال ہیں، جبکہ شمال سے جتنی بجلی سسٹم میں لائی جا سکتی ہے، وہ لائی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ حیدرآباد سمیت کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی ضرورت نہیں، تاہم بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمی اور حبس کے باعث عوام لوڈشیڈنگ کو زیادہ محسوس کر رہے ہیں۔’گیس کا مسئلہ جلد حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘اویس لغاری نے کہا کہ گیس کا مسئلہ جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قطر کی گیس آبنائے ہرمز سے نکالنے کی کوشش جاری ہے اور گیس کا مسئلہ حل ہوتے ہی لوڈشیڈنگ میں بہتری آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ آر ایل این جی کی پروویژن ختم ہونے پر لوکل گیس بجلی صارفین کے لیے ڈائیورٹ کی گئی۔ بجلی صارفین کو بہتر ریٹس پر گیس فراہم کی گئی اور مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ گیس صارفین کی مشکلات کا احساس ہے اور انہیں آسانیاں فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بجلی صارفین کی مدد پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے تعاون اور برداشت کو سلام پیش کرتے ہیں۔توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں، علی پرویز ملکاس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر 130 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی، جبکہ وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن نے توانائی کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی ہیں۔’ہنگامی بنیادوں پر ایل این جی درآمد کی جائے گی‘علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایل این جی درآمد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن گیس کی قلت دور کرنے کے لیے اسپاٹ مارکیٹ سے خریداری کے لیے تیار ہے۔وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بحران کے خاتمے کے لیے وزارت پیٹرولیم اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں