ایران پر امریکی پابندیوں کے خلاف چین کا سخت ردعمل
بیجنگ: چین نے ایران کے خلاف امریکا کی جانب سے نئی اقتصادی پابندیوں اور مزید سخت اقدامات کی دھمکی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ اپنے قومی اور اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین یک طرفہ اور غیر قانونی پابندیوں کی پہلے بھی متعدد بار مخالفت کرچکا ہے اور آئندہ بھی ایسے اقدامات کے خلاف اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا۔چین کا یہ ردعمل امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ واشنگٹن نے ایران کے ساتھ کاروباری روابط رکھنے والے بعض اداروں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جن میں چینی ادارے بھی شامل ہیں۔امریکی انتظامیہ نے ایران کے خلاف مزید ثانوی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی بھی دی ہے، جن کا مقصد ایران کے ساتھ تجارت اور مالی روابط رکھنے والے دیگر ممالک اور کمپنیوں پر دباؤ بڑھانا ہے۔چین ایران کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص توانائی اور تیل کے شعبے میں مضبوط تجارتی روابط موجود ہیں۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ امریکی یک طرفہ پابندیاں قانونی اقدام نہیں اور چین اپنے حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں