ایران نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ نتیجہ خیز قرار دے دیا
تہران: ایرانی حکومت نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ ایران کو انتہائی نتیجہ خیز اور سود مند قرار دے دیا۔ایرانی صدارتی دفتر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کے دوران قابلِ قدر سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور دورے کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دورۂ ایران کے دوران اہم پیشرفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ان کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔محسن نقوی کے مطابق ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان تنازع، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے درکار اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور خدشات کھل کر بیان کیے جبکہ دونوں جانب سے متعلقہ امور پر تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔ ان کے مطابق ملاقات میں اہم پیشرفت ہوئی اور بات چیت مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل پر بھی گفتگو ہوئی۔ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں