وزیراعظم کی اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور انہیں دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کرتے ہیں۔وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی اور کابینہ کے اجلاسوں میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، اپوزیشن معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرے تاکہ ملکی معاشی ترقی اور جمہوریت کو تقویت دی جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب تک مذاکرات کی میز پر آتی ہے، ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ہی ترجیح دی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے، جس کے لیے وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں کٹوتی کی۔شہباز شریف نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی خوش آئند ہے، حکومت عام آدمی اور عوام کو ہر طرح کا ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے اور عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، خطے کے کئی ممالک میں ریفائنریز اور گیس پلانٹس بند ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں