پاکستانی مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری، یو اے ای میں طویل امیگریشن سے نجات

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں میں سہولیات کے فروغ، قونصلر خدمات کی ڈیجیٹائزیشن اور شکایات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں وزارتِ خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں، وزارتِ داخلہ، ایف آئی اے، وزارتِ آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کو دستاویزات کی تصدیق، شکایات کے اندراج اور پاکستان میں مختلف سرکاری معاملات و ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں جدید، تیز رفتار اور آسان خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو آر (QR) کوڈ پر مبنی نظام متعارف کرایا جا چکا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کے لیے متعارف کرائے گئے QR کوڈ کو تمام پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں دستاویزات کی تصدیق کے لیے شام کی شفٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ آسان خدمت مرکز میں بھی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، کورئیر کے ذریعے تصدیق کی سہولت متعارف کرانے کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس کو بھی اس نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے تصدیقی عمل مزید تیز اور شفاف ہو گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کا عمل ون اسٹاپ سروس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے تعاون سے ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج رجسٹریشن، فیملی رجسٹریشن سمیت دیگر اہم دستاویزات کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہو سکے گی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے