اب روزانہ نہیں صرف ویک اینڈ پر ورزش کریں

ویب ڈیسک: ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر کوئی شخص روزانہ ورزش کے لیے وقت نہیں نکال سکتا تو ہفتے میں صرف ایک یا دو دن بھرپور جسمانی سرگرمی بھی دل کی صحت پر نمایاں مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ محققین کے مطابق ویک اینڈ پر ورزش کرنے والے افراد میں دل کی بیماریوں، ہارٹ فیلیئر اور فالج کے خطرات میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق وہ افراد جو پورے ہفتے مصروف رہتے ہیں، اگر ہفتے کے آخر میں تجویز کردہ دورانیے کے مطابق ورزش مکمل کر لیں تو انہیں بھی تقریباً وہی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں جو ہفتے بھر باقاعدگی سے ورزش کرنے والوں کو ملتے ہیں۔
بوسٹن کے ایک اسپتال سے وابستہ ماہر امراض قلب ڈاکٹر پیٹرک ایلنور کا کہنا ہے کہ ہفتے میں صرف ایک یا دو دن ورزش کرنا بھی دل کو صحت مند رکھنے کے لیے مؤثر ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ مجموعی جسمانی سرگرمی تجویز کردہ حد تک ہو۔
ماہرین صحت بالغ افراد کو ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ معتدل شدت یا 75 منٹ سخت نوعیت کی ورزش کرنے کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ دل اور جسم کو صحت مند رکھا جا سکے۔
تحقیق کے دوران برطانیہ کے بائیو بینک منصوبے میں شامل تقریباً 90 ہزار افراد کے طبی ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ تقریباً ایک تہائی افراد ہفتہ وار تجویز کردہ ورزش بھی مکمل نہیں کرتے، جبکہ 42 فیصد افراد ویک اینڈ پر کم از کم 150 منٹ کی جسمانی سرگرمی مکمل کر لیتے ہیں۔
ماہر امراض قلب ڈاکٹر شان خورشید اور ان کی ٹیم کے مطابق ویک اینڈ پر ورزش کرنے والوں میں دل کے دورے کا خطرہ 27 فیصد کم دیکھا گیا، جبکہ ہفتے بھر باقاعدگی سے ورزش کرنے والوں میں یہ خطرہ 35 فیصد کم تھا۔ اسی طرح ویک اینڈ پر ورزش کرنے والوں میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 38 فیصد اور باقاعدگی سے ورزش کرنے والوں میں 36 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج ان افراد کے لیے خوش آئند ہیں جو روزانہ ورزش نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق اگر مجموعی طور پر ہفتہ وار مطلوبہ جسمانی سرگرمی مکمل کر لی جائے تو ویک اینڈ پر ورزش بھی دل کو صحت مند رکھنے اور کئی سنگین بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے