کشمیر کا فیصلہ کشمیری کریں گے، بلاول بھٹو کی ووٹ ڈالنے کی اپیل
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر کشمیری چاہتے ہیں کہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں تو گھروں سے نکلیں، تیر کے نشان پر مہر لگائیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تجربے کے مطابق کسی بھی انتخاب کا بائیکاٹ کبھی کامیاب نہیں ہوا، اس لیے عوام اپنے حقِ رائے دہی کا ضرور استعمال کریں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ اگر عوام اپنے حقوق، حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور سچ و مفاہمتی کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تو ووٹ ڈالیں اور پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں تاکہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کر سکیں۔ واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کی پولنگ آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں