ایف بی آر کی دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس سکیم، 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے مستفید ہوں گے
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے انفرادی دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس سکیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ خصوصی طریقہ کار صرف ٹیکس سال 2026 کے لیے نافذ ہوگا، جبکہ سکیم کے تحت اہل دکاندار اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے۔
ایف بی آر نے ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی لازمی قرار دی ہے۔ اس کے علاوہ ودہولڈنگ ٹیکس قابلِ ادائیگی ٹیکس سے منہا کیا جا سکے گا، تاہم اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اہل دکاندار آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ سکیم اختیار کرنے والے دکانداروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں ہوگا، تاہم غیر معمولی لین دین یا سکیم کے غلط استعمال کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جا سکے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اہل دکانداروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے یا سکیم کا انتخاب نہ کرنے پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ پر مشتمل "گرین پلیٹ” جاری کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں