خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی 2کوششیں ناکام بنادیں،13خوارج کو بھی ہلاک کردیا
سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی 2 کوششیں ناکام بنادیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرست یافتہ فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کےگروہ کی نقل وحرکت کا پتہ لگایا، سکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں اس گروہ کو نشانہ بنایا، کارروائی میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ خوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا، یہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ افغان حکومت اپنے شہریوں کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کےخلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہےگی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائےگا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں