کراچی دھماکہ:پاکستان ایمرجنسی پلان نافذ کرکے تحقیقات کرے، چین
کراچی میں دہشتگردی کے واقعے پر چینی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب چینی عملےکی گاڑی پر حملہ کیا گیا، حملے میں دو چینی باشندے ہلاک اور ایک زخمی ہوا، کچھ مقامی شہری بھی متاثر ہوئے۔
چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ دہشتگرد حملے کی شدیدمذمت کرتے ہیں، ہم نے فوری ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔
دوست ملک کے سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام سے مکمل تحقیقات اور حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کراچی ائیر پورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حملے میں دو چینی ہلاک اور ایک زخمی ہوا، متاثرہ خاندانوں، بشمول چینی باشندوں، پاکستانیوں کیلئے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمی چینی باشندے کی جلدصحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک عمل ناصرف پاکستان بلکہ پاک چین دیرینہ دوستی پربھی حملہ ہے، بزدلانہ حملے میں شامل افراد، بشمول مجیدبریگیڈ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم پر قائم ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کسر نہیں چھوڑیں گے، یہ ظالمانہ عمل بغیر سزا نہیں رہے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں