شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہم ہے: محسن نقوی

 

وزارت داخلہ نے رواں ماہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)سربراہی اجلاس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری دی ہے۔ایس سی او کانفرنس کے دوران پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سمٹ میں کئی سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں،بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او سربراہی کانفرنس کے موقع پر فول پروف انتظامات کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔ ایس سی او کانفرنس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورت بنایا جائےگا اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کے دوران تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے اپنا متعین کردہ کردار ادا کریں،سب کو باہمی تعاون سے اس اہم سربراہی کانفرنس کے پر امن اور کامیاب انعقادکو یقینی بنانا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے