سرکاری اداروں کو بھرتی مراکز نہیں بننے دیں گے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کو بھرتی کے مراکز نہیں بننے دیں گے۔
میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 8ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ مسٹ یونیورسٹی ہماری ریاست کی پہچان بن چکی ہے یہ آزادکشمیر اور پاکستان کی ترقی کے درکار جدید علوم سے بہرہ مند انجینئرز سائنسدان اور پروفیشنلز مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کی ذہنی اور فکری تربیت پر بھی توجہ دیں اور کوالٹی آف ایجوکیشن پر اپنا فوکس رکھیں ۔ قوم کو سپاس ناموں اور اعلانات سے باہر نکل کر عملی کام کرنا ہوں گے ۔ادارے مفاد عامہ میں بنائے جاتے ہیں انھیں بھرتی کے مراکز نہیں بننے دیں گے۔
چودھری انوار الحق نے کہا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو بیشمار مسائل کا سامنا تھا ہم نے ان کو رفتہ رفتہ حل کرہی لیا۔ مالیاتی نظم و ضبط قائم کیا،سرمایہ کاری کو فروغ دیا،سرکاری یونیورسٹیوں میں میرٹ قائم کیا،تعلیم،صحت،انفراسٹریکچر کے لیے مختص فنڈز کے درست اور بروقت استعمال کو یقینی بنایا ہم نے وسائل کے ضیاع کو روکا۔عوامی مفاد میں ایڈہاک ازم کا خاتمہ کیا۔کوئی بھی فیصلہ فرد واحد کی پسند کی بجائے ریاستی عوام کے مفاد میں کیا،انھوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اور اعلیٰ تعلیمی ادارےتعلیم،تحقیق،معلومات اور ایجادات کے مراکز ہوتے ہیں ہم نے ان پر خصوصی توجہ دی ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی سنگینیوں تلے ہونے والے انتخابات کو یکسر مستردکرتے ہیں. یہ انتخابات بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج کے ظلم اور انسانی حقوق کی پامالی کو چھپانے کے لئے کررہا ہے ۔ ہمارا متفقہ مطالبہ اور 77سالہ جدوجہد اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ،غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا ہے ۔ ریاست جموں وکشمیر کی بھارت سے مکمل آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے مختلف شعبوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل،ڈگریاں اور شیلڈز تقسیم کیں ۔انھوں نے وائس چانسلر مسٹ برگیڈیئر (ر) پروفیسر یونس جاوید(ستارہ امتیاز ملٹری)،مسٹ یونیورسٹی کی فیکلٹی،طلبا،والدین اور اہلیان میرپور کی گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔
تقریب کے دوران وائس چانسلر مسٹ برگیڈیئر (ر) پروفیسر یونس جاوید (ستارہ امتیاز ملٹری) نے سپاس نامہ پیش کیا۔ کانوو کیشن میں آزاد کشمیر کے وزراء کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، چوہدری ارشد حسین،چوہدری قاسم مجید،چوہدری یاسر سلطان،ملک ظفر اقبال،چوہدری محمد اخلاق،چوہدری محمد رشید،جاوید اقبال بڈھانوی، نبیلہ ایوب، مشیران صبیحہ صدیق،کرنل ریٹائرڈ محمد معروف،سابق ممبران اسمبلی ،ہائیر ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، سیکرٹریز حکومت،آزاد کشمیر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز،سابق وائس چانسلرز، پروفیسرز،فیکلٹی ممبران، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ،طلباو طلبات ان کے والدین اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں