ایران سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف معاشی دباؤ کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور واشنگٹن تہران کو اس کی مبینہ منفی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل فراہم ہونے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے۔پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام اور دہشت گردی کی مبینہ مالی معاونت کے لیے وسائل درکار ہیں۔ ان کے بقول ایران کے مالی وسائل جتنے محدود ہوں گے، وہ اپنی ان سرگرمیوں پر اتنی ہی کم رقم خرچ کرسکے گا۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف مزید بڑے فوجی آپریشنز کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر معاشی اقدامات کے ذریعے مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جارہے ہیں تو امریکا کو مزید فوجی حملے کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔مارکو روبیو کے مطابق واشنگٹن ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر بھی تیار ہے، تاہم تہران کے موجودہ مطالبات مکمل طور پر غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا توقع کرتا ہے کہ ایران اپنے مطالبات پر نظرثانی کرے گا۔ اگر تہران نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی تو واشنگٹن سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔روبیو کا مزید کہنا تھا کہ امریکا معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی پالیسی جاری رکھے گا، تاہم سفارتی حل کے لیے بھی راستہ کھلا رکھنا چاہتا ہے
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں