پاکستان میں ذہنی امراض کے مریض 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئے

اسلام آباد: پاکستان میں ذہنی امراض کا شکار افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ماہرین نفسیات کی تعداد صرف 1050 ہے۔وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے گلوبل برڈن آف اسٹڈیز کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ذہنی امراض سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔وزارت صحت کے مطابق 2023 تک اسلام آباد میں ذہنی امراض کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ماہرین نفسیات کی تعداد 1050 ہے۔اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 406، سندھ میں 228، خیبرپختونخوا میں 122 اور بلوچستان میں 44 ماہرین نفسیات خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں ہر 2 لاکھ 45 ہزار 400 افراد کے لیے صرف ایک رجسٹرڈ ماہر نفسیات دستیاب ہے۔وزارت صحت نے قومی اسمبلی کو یہ بھی بتایا کہ ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3900 ہے، جن میں سب سے زیادہ 1915 مریض سندھ میں موجود ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 1765، خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30 اور آزاد کشمیر میں 4 ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے