فلیٹ ووڈ ٹاؤن کا آرسنل کو اپ سیٹ شکست، کوارٹر فائنل میں رسائی

انگلش فٹبال کے کاراباؤ کپ میں بڑا اپ سیٹ سامنے آگیا، جہاں چوتھے درجے کی ٹیم فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے مضبوط حریف آرسنل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-5 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے اپنے ہوم گراؤنڈ ہائیبری اسٹیڈیم میں آرسنل جیسی بڑی ٹیم کو شکست دے کر کلب کی تاریخ کی اہم ترین کامیابیوں میں سے ایک حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کی رینکنگ میں 84 درجوں کا فرق تھا، اس کے باوجود میزبان ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔اسٹیڈیم کے اوپر ڈرون نظر آنے کے بعد میچ کے ابتدائی مرحلے میں آٹھ منٹ سے زائد وقت کے لیے کھیل روکنا پڑا، جس کے باعث مقابلے میں عارضی تعطل پیدا ہوا۔میچ کے 21ویں منٹ میں آرون لوپالو بی نے گول کرکے فلیٹ ووڈ ٹاؤن کو برتری دلائی۔ تاہم دوسرے ہاف میں آرسنل کے وکٹر گیوکیریس نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ مقررہ وقت میں مزید کوئی گول نہ ہوسکا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔میچ کے 86ویں منٹ میں آرسنل کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب نوجوان کھلاڑی میکس ڈاؤمن مخالف کھلاڑی ہیریسن نیل کے ساتھ ٹکراؤ کے بعد لات چلانے پر ریڈ کارڈ دیکھ کر میدان سے باہر ہوگئے۔پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فلیٹ ووڈ ٹاؤن کے گول کیپر جے لنچ نے برونو گیمارائش کی کک روک کر اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی، جبکہ کونر ہاؤگھی نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کرکے فلیٹ ووڈ ٹاؤن کی فتح پر مہر ثبت کردی

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے