کے پی میں امن کے لیے وفاقی تعاون ضروری ہے، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں۔ صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ضروری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور پولیس نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے تمام ادارے ایک صفحے پر ہوں تو امن اور ترقی کے عمل کو روکا نہیں جا سکتا۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی وضع کرنا ضروری ہے اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق حکومت ایسا ماحول قائم کرنا چاہتی ہے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے اور ترقی کے عمل میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنانا ہے، جس کے لیے عوام کے تحفظ اور خوشحالی کی خاطر وفاق اور صوبے کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں