پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر حکومت کا سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ
اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث وفاقی حکومت نے پٹرولیم سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ایندھن کی کھپت اور نقل و حمل کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سرکاری اور نجی دفاتر میں ہفتے کے دوران صرف چار دن کام کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات رکھنے سے نقل و حمل اور پٹرولیم مصنوعات کی کھپت کم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔اجلاس میں سرکاری ملازمین کو روٹیشن کی بنیاد پر کام کرانے کا فارمولا بھی زیر غور آیا، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی کے لیے 50 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس کے علاوہ تین روز تک بازار بند رکھنے اور بازاروں کے اوقات کار محدود کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم سمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلہ آج شام متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں