ایپل کا پہلا فولڈنگ آئی فون متعارف
ایپل نے آئی فون کی تقریباً 20 سالہ تاریخ میں پہلا بڑا ڈیزائن تبدیل کرتے ہوئے اپنا پہلا فولڈنگ آئی فون متعارف کرا دیا ہے، جس کی ابتدائی قیمت 1,999 ڈالر رکھی گئی ہے۔بی بی سی کے مطابق ایپل کے نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی ہفتے کمپنی کی سالانہ تقریب میں نئے فولڈنگ آئی فون کی رونمائی کی۔ اس سے قبل ٹم کک ایپل کے چیف ایگزیکٹو تھے۔نئے فون کو ’آئی فون ڈیو‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ کتاب کی طرح کھلتا اور بند ہوتا ہے۔ کھولنے پر اس کی شکل ایک چھوٹے آئی پیڈ جیسی دکھائی دیتی ہے، جبکہ بند ہونے پر یہ چوڑے آئی فون کی صورت اختیار کرلیتا ہے۔امریکی مارکیٹ میں اس کی قیمت 1,999 ڈالر سے شروع ہو کر 3,200 ڈالر تک جائے گی، جبکہ برطانیہ میں ابتدائی قیمت 1,999 پاؤنڈ ہے۔جان ٹرنَس کے مطابق فولڈنگ آئی فون کا ڈیزائن آئی پیڈ سے متاثر ہے اور کمپنی نے اسے اس انداز میں تیار کیا ہے کہ یہ مارکیٹ میں موجود دیگر فولڈنگ فونز کی طرح دو فونز کو جوڑنے جیسا محسوس نہ ہو۔فولڈنگ آئی فون کی تیاری پر ایپل میں کئی برس سے کام جاری تھا اور جان ٹرنَس بھی ہارڈویئر ڈویژن میں اعلیٰ عہدے پر رہتے ہوئے اس کی تیاری میں براہ راست شامل رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق نئے ڈیزائن سے ایپل کو یہ تاثر ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے کہ کمپنی 2007 میں پہلے آئی فون کی آمد کے بعد کوئی بڑی نئی مصنوعات یا نمایاں جدت پیش نہیں کرسکی۔تاہم بعض ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تقریباً 2 ہزار ڈالر کی قیمت اسے عام صارف کے بجائے مہنگی اور محدود استعمال کی مصنوعات بنا سکتی ہے۔ایپل نے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس بھی متعارف کرائے ہیں، جن کی امریکی قیمتیں بالترتیب 1,199 اور 1,299 ڈالر سے شروع ہوتی ہیں۔کمپنی نے سری اے آئی میں نئی خصوصیات کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے آئی فون صارف کے پیغامات اور ای میلز میں موجود معلومات تلاش کرکے سوالات کے جواب دے سکے گا اور بعض کام صارف کی جانب سے انجام دے سکے گا۔ایپل کے مطابق یہ مصنوعی ذہانت کی خصوصیات زیادہ تر ڈیوائس پر ہی چلیں گی اور صارف کا نجی ڈیٹا محفوظ رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں