محسن گیلانی کا جنات سے متعلق حیران کن دعویٰ
پاکستان کے سینئر ٹیلی ویژن اداکار و پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے جنات سے متعلق حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’’جنات کے بادشاہ‘‘ ہیں اور گزشتہ 12 سال سے ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے۔محسن گیلانی نے حال ہی میں عبدالحئی صدیقی کے ڈیجیٹل پوڈکاسٹ ’دی بلیو ٹروتھ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی، روحانی معاملات اور وظائف سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔جنات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار نے دعویٰ کیا کہ اگر جنات کی بات کی جائے تو وہ ’’جنات کے بادشاہ‘‘ ہیں اور اس وقت بھی ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات مذاق میں نہیں کر رہے۔محسن گیلانی کے مطابق ان کے خاندان میں جنات کی موجودگی کا سلسلہ ان کے آباؤ اجداد کے زمانے سے چلا آرہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ موجود جن کا نام ’’مسٹر نجیب‘‘ ہے، جو ان کے والد کے انتقال کے بعد گزشتہ 12 سال سے ان کے ساتھ موجود ہے۔اداکار نے مزید کہا کہ جنات کے بارے میں معاشرے میں پائی جانے والی بہت سی باتیں درست نہیں ہیں۔ ان کے بقول جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ بعض اوقات صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔گفتگو کے دوران محسن گیلانی نے سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اہمیت پر بھی بات کی۔ انہوں نے مداحوں کو سورۃ الرحمٰن ترجمے کے ساتھ پڑھنے اور سننے کا مشورہ دیتے ہوئے اسے شفا کا ذریعہ قرار دیا۔واضح رہے کہ محسن گیلانی کی جانب سے جنات سے متعلق کیے گئے یہ بیانات ان کے ذاتی دعوے اور عقائد ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں