ٹیکساس ایئرپورٹس پر نماز، وضو سہولتوں کا جائزہ

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ڈیلس فورٹ ورتھ اور ہیوسٹن کے ایئرپورٹس پر مسلمانوں کے لیے وضو اور نماز کی سہولتوں کو مبینہ مذہبی امتیاز قرار دیتے ہوئے سرکاری گرانٹس کے جائزے کا حکم دے دیا۔رپورٹ کے مطابق گورنر نے امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کو دونوں ایئرپورٹس پر موجود یا مجوزہ مذہبی سہولتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔گریگ ایبٹ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملکیتی تنصیبات میں کسی ایک مذہب کے پیروکاروں کو مخصوص سہولت فراہم کرنا مذہبی امتیاز کے زمرے میں آ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایئرپورٹس کی موجودہ گرانٹس واپس لینے یا مستقبل میں سرکاری فنڈز روکنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ٹیکساس کے گورنر کے مطابق چونکہ دونوں ایئرپورٹس سرکاری ملکیت میں ہیں، اس لیے حکومت کسی ایک مذہبی نقطۂ نظر کو دوسروں پر ترجیح نہیں دے سکتی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے چلنے والی سرکاری سہولتوں میں غیر قانونی مذہبی امتیاز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گورنر کے اس اقدام کے بعد اب توجہ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ممکنہ ردِعمل پر مرکوز ہے۔ اس فیصلے نے مذہبی آزادی، مساوی سہولتوں اور سرکاری اداروں میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے