باغ کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ شروع

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے دو حلقوں کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ شروع ہوگئی ہے۔ری پولنگ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 اور ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ہورہی ہے۔ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 ہزار 4 ہے، جبکہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر 5 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ری پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔خیال رہے کہ دونوں حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ عملہ نہ پہنچنے اور کشیدگی کے باعث پولنگ کا عمل ملتوی کردیا گیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقوں ایل اے 14 اور ایل اے 17 سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیئے ہیں۔ایل اے 14 غربی باغ سے جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے امیدوار ساجد اقبال کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایل اے 17 حویلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے