پی سی بی نے نئے بیٹنگ کوچ کے لیے مائیک اسمتھ کو چن لیا؟
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ کی تقرری کے قریب پہنچ گیا ہے، جبکہ جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور لیول فور کوالیفائیڈ کوچ مائیک اسمتھ اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال کے آغاز سے مستقل بیٹنگ کوچ کی تلاش میں تھا اور اب بقیہ رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد مائیک اسمتھ کی تقرری کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
مائیک اسمتھ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے وہ پاکستانی کرکٹ کے ماحول اور کھلاڑیوں سے بھی اچھی طرح واقف ہیں۔
پی سی بی نے مئی میں مستقل بیٹنگ کوچ کے لیے اشتہار جاری کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی تھیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جون مقرر کی گئی تھی، جس کے بعد امیدواروں کی جانچ پڑتال اور شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔
اگر مائیک اسمتھ کی تقرری حتمی شکل اختیار کر لیتی ہے تو وہ رواں ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
یاد رہے کہ اپریل 2026 سے سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق عبوری بنیادوں پر قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وہ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے معاون عملے کا بھی حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں