اوم پوری کے ملازمہ کے ساتھ تعلقات تھے:اہلیہ کا انکشاف

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار اوم پوری کے انتقال کے کئی برس بعد ان کی پہلی اہلیہ سیما کپور نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ایسے دعوے کیے ہیں جن کے بعد مرحوم اداکار کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سیما کپور نے دعویٰ کیا کہ شادی سے ایک روز قبل اوم پوری نے انہیں الگ لے جا کر بتایا تھا کہ ماضی میں ان کے گھر میں کام کرنے والی خاتون کے ساتھ ان کے تعلقات رہے تھے۔ سیما کے مطابق اس انکشاف نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا، تاہم شادی کی تمام تیاریاں مکمل ہونے کے باعث وہ آخری وقت میں یہ رشتہ ختم نہ کر سکیں اور نکاح کر لیا۔

سیما کپور کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد دونوں کے تعلقات بتدریج کشیدہ ہوتے گئے۔ ان کے بقول بعد میں اوم پوری کی نندیتا پوری سے قربت بڑھنے لگی، جس سے ان کی ازدواجی زندگی مزید متاثر ہوئی اور بالآخر دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ علیحدگی کے دوران ذہنی دباؤ اور جذباتی صدمے کے باعث وہ اپنے ہونے والے بچے سے محروم ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں انہیں اوم پوری کی جانب سے وہ جذباتی سہارا نہیں ملا جس کی انہیں ضرورت تھی، اور یہی بات آج بھی انہیں تکلیف پہنچاتی ہے۔

یاد رہے کہ اوم پوری اور سیما کپور نے 1990 میں شادی کی تھی، تاہم چند برس بعد ان کی علیحدگی ہوگئی۔ بعد ازاں اوم پوری نے 1993 میں نندیتا پوری سے دوسری شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا ایشان پوری ہے۔ بعد کے برسوں میں یہ رشتہ بھی مختلف تنازعات کی وجہ سے خبروں میں رہا۔

اوم پوری بھارتی اور بین الاقوامی سینما کے ممتاز اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے آردھ ستیہ، جانے بھی دو یارو، ماچس، چاچی 420 اور ایسٹ اِز ایسٹ سمیت متعدد یادگار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کا انتقال 6 جنوری 2017 کو 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا۔

سیما کپور کے حالیہ دعوؤں کے بعد ایک بار پھر اوم پوری کی ذاتی زندگی پر بحث شروع ہوگئی ہے، تاہم ان دعوؤں پر مرحوم اداکار یا نندیتا پوری کی جانب سے کوئی نیا ردعمل سامنے نہیں آ سکتا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے