ایپل کا نیا اپ گریڈ پلان متعارف، آئی فون سمیت دیگر ڈیوائسز آسان اقساط پر دستیاب
کیلیفورنیا: ایپل نے صارفین کے لیے نیا Apple Upgrade Plan متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت آئی فون، آئی پیڈ، میک اور ایپل واچ سمیت مختلف ڈیوائسز آسان ماہانہ اقساط پر حاصل کی جا سکیں گی۔ یہ پروگرام سابقہ آئی فون اپ گریڈ پروگرام اور آئی فون پیمنٹ پلان کی جگہ لے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ سہولت مالیاتی کمپنی Klarna کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے۔ صارفین ایپل کی ویب سائٹ، ایپل اسٹور ایپ یا ریٹیل اسٹورز کے ذریعے درخواست دے سکیں گے، جبکہ اہلیت جانچنے کے لیے سافٹ کریڈٹ چیک کیا جائے گا، جس سے کریڈٹ اسکور متاثر نہیں ہوگا۔
ایپل کا کہنا ہے کہ زیادہ تر نئے آئی فون، آئی پیڈ، میک اور ایپل واچ ماڈلز اس پروگرام میں شامل ہوں گے، تاہم آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، ایپل واچ ایس ای، میک بک ایئر (بیس ماڈل)، اے16 بیس ماڈل آئی پیڈ اور اسٹوڈیو ڈسپلے اس سہولت کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نئے پلان میں AppleCare+ خودکار طور پر ماہانہ قسط میں شامل نہیں ہوگا اور اسے الگ سے خریدنا پڑے گا، جبکہ ایپل کارڈ کے ذریعے اقساط ادا کرنے والے صارفین کو روزانہ 3 فیصد کیش بیک بھی ملے گا۔
کمپنی نے آئی فون کے لیے 12 یا 24 ماہ، جبکہ آئی پیڈ اور میک کے لیے 24 یا 36 ماہ کی لیز مدت مقرر کی ہے۔ آئی فون کی ماہانہ قسط 17.99 ڈالر، ایپل واچ اور آئی پیڈ کی 11.99 ڈالر، جبکہ میک کی 24.99 ڈالر سے شروع ہوگی۔
لیز مکمل ہونے پر صارفین موجودہ ڈیوائس واپس کر کے نیا ماڈل حاصل کر سکتے ہیں، باقی رقم ادا کر کے ڈیوائس مستقل طور پر اپنے پاس رکھ سکتے ہیں یا ڈیوائس واپس کر کے منصوبہ ختم کر سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں