مشرق وسطیٰ کشیدگی: اسلام آباد میں پاکستان، سعودیہ، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کی اہم بیٹھک
اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی عرب، مصر اور ترکیے کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعوی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیےکے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک تھے۔
چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطے میں کشیدگی کی صورت حال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ خطے میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری سے معاملات حل کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
اہم بیٹھک سے پہلے وزیر خارجہ اسحاق ڈارکا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد مؤثر راستہ قرار دیا۔
ایران کے مطابق پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی سخت مذمت کی، جنگ روکنے کی کوششوں کے لیے چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس سے متعلق بھی بات کی گئی۔
مسلم امہ کا اتحاد موجودہ صورتحال میں مزید اہمیت اختیار کرگیا، اسحاق ڈار
اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کا اتحاد موجودہ صورتحال میں مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے، یو این چارٹر کے مطابق تمام ملکوں کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا،وزرائے خارجہ نے خطے میں جنگ کے جلد خاتمے پر زور دیا، وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ جنگ کسی کے فائدے میں نہیں، وزرائے خارجہ نے کہا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی مسائل کا حل ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ نے چاروں ممالک کے درمیان تعاون مزید آگے بڑھانے پر بھی بات کی، اس بات کی خوشی ہے کہ ایران اور امریکا دونوں نے پاکستان پر اعتماد کیا ہے، چین کے وزیرخارجہ سے بھی ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں