آئینی ترمیم کا مشترکہ مسودہ لانے پرپی ٹی آئی اور جے یو آئی متفق
تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام (ف) نے مشترکہ طور پر آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سلمان اکرم راجا اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے رہنما معروف قانون دان سلمان اکرم راجا اور سینیٹر کامران مرتضیٰ مل کر آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کریں گے۔مولانا فضل الرحمان سے سلمان اکرم راجا اور صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات کے دوران سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہاکہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ فضل الرحمان آئینی ترمیم پر حکومت کا ساتھ دینے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان آئینی ترمیم کی راہ میں رکاوٹ بنے، ہم آئین پر شبخون نہیں مارنے دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ہم اپنا اپنا آئینی مسودہ تیار کریں گے، اور کوشش کی جائے گی کہ اتفاق رائے کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں