آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم فیصل ممتاز نے حلف اٹھا لیا

 

نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے انتخاب کے بعد جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور وزیراعظم یہ عہد کرتے ہیں کہ اب ان کے قلم سے کوئی کام تاخیر کا شکار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ سیاست دان مراعات یافتہ طبقہ ہیں، مگر وہ اس سوچ کو گمراہ کن قرار دیتے ہیں۔

فیصل ممتاز نے بتایا کہ ان کے والد نے دوستوں کے تعاون سے صرف ایک گھر بنایا تھا، اور انہوں نے الیکشن کے اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ واحد گھر بھی فروخت کر دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ اسی پس منظر سے آتے ہیں جو عام لوگوں کا ہے، اس لیے عوام کی مشکلات کو بہتر سمجھتے ہیں۔

راجہ فیصل ممتاز نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ وہ اسپیشل سیکرٹری اور سینیئر سیکرٹری کی اضافی اسامیوں کو ختم کر رہے ہیں تاکہ غیر ضروری اخراجات ختم کیے جا سکیں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے گریڈ ایک کے ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا، جسے سرکاری ملازمین نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایکشن کمیٹی کے احتجاجی مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ان کے نمائندوں سے بیٹھ کر معاملات حل کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے وعدہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو مکمل اور برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ خواتین بھی ترقی کے اس سفر میں برابر کی شریک ہوں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے