بونیر میں ہر چیز ملیامیٹ ہے ، سینیٹرز ذیشان خانزادہ اور فیصل جاویدکامتاثرہ علاقے کادورہ

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ذیشان خانزادہ اور سینیٹر فیصل جاوید نے بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔

سینیٹر ذیشان خانزادہ کا کہنا تھا کہ بونیر کے پیر بابا، بشنوئی، قادر نگر اور ملحقہ علاقوں میں ہم نے جو کچھ دیکھا، وہ انتہائی دل شکستہ اور پریشان کن ہے ۔ اندازوں سے کہیں زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ ہر چیز ملیامیٹ ہو چکی ہے۔ کوئی بھی مکان رہنے کے قابل نہیں ہے۔ دکانیں، گاڑیاں، قیمتی املاک اور فصلیں، سب پتھروں اور مٹی کے نیچے دب گئی ہیں۔ ہر طرف تباہی کی ایک الگ داستان نظر آتی ہے۔

لیکن اس وسیع پیمانے کے سانحے کے باوجود، مقامی لوگوں کا صبر اور ان کی ہمت حقیقتاً قابلِ تحسین ہے۔ یہ عزم اور استقامت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے ہم ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے اداروں اور افراد کو حقیقی قومی ہیروز قراردیا۔

سینیٹرذیشان خانزادہ اور سینیٹر فیصل جاوید نے بونیر کے متاثرین کی بحالی کے لئے سینیٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

دونوں رہنمائوں نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے