قلات: مسافر بس پرفائرنگ،3 افرادجاں بحق: بس میں امجد صابری کے رشتہ دار اور قوال سوار تھے

بلوچستان کے ضلع قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانے والے مسافر بس پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

 پولیس حکام کے مطابق بس پر فائرنگ کا واقعہ نیمرغ کراس کے علاقے میں پیش آیا۔ ایس ایچ او قلات پولیس حبیب نیچاری کے مطابق بس پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے کم از کم تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مسافر بس پر حملے کی مذمت کی ہے اور انھوں نے مسافروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ’قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔‘

مقامی حکام کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والی بس میں زیادہ تر موسیقار سوار تھے جو کوئٹہ میں ایک تقریب میں قوالی کے لیے جا رہے تھے۔ ان مسافروں میں سے ایک ماجد علی صابری کے بھائی نے تصدیق کہ وہ کوئٹہ میں ایک شادی میں قوالی کی تقریب کے لیے جا رہے تھے۔

ایک مسافر نے بتایا کہ اس بس میں امجد صابری کے رشتہ دار بھی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رستے میں ہم پر حملہ ہوا، نہیں معلوم یہ سب کس نے اور کیوں کیا؟

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے