یوم عاشور پر4ہزار836 جلوس، 5 ہزار480 مجالس کااہتمام

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس دوران عزادارن حضرت امام حسین کی عظیم اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں عاشورہ کے 4 ہزار 836 جلوس نکالے گئے جن کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے  ۔

یوم عاشور پر ملک بھر میں  5 ہزار 480 مجالس کااہتمام کیا گیا جس کی وجہ سے 301 علاقے انتہائی حساس قرار دیے گئے ۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا باطل کے خلاف ایک ابدی جدوجہد کی علامت ہے، امامِ عالی مقام کی شہادت ایک الٰہی مشن تھام جس کی بنیاد صداقت، عدل اور خدا کی رضا تھی۔

انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کربلا ضمیر، کردار اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا، امام حسین علیہ السلام کا عظیم پیغام اصولوں پر ڈٹ جانے، ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کا ہے۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ آج ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں ہمیں بطور قوم حسینی کردار کی ضرورت ہے، ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو امام حسین علیہ السلام کے پیغامِ حریت اور عدل کا مظہر بنائیں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا یہ درس دیتا ہے کہ حق کا راستہ کٹھن مگر دائمی فلاح کا ذریعہ بنتا ہے، اگر ہم معرکہ کربلا کی روشنی میں اپنا راستہ طے کریں تو پاکستان فلاحی اور خوددار ریاست بن سکتا ہے۔

یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہمیں صبر، قربانی اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کی عظیم مثال عطا کرتا ہے، میدانِ کربلا کوئی عام معرکہ نہیں بلکہ رہتی دنیا تک ایک دائمی پیغام ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے