ایرانی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات، حالیہ بحران میں حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آذربائیجان میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں حالیہ بحران کے دوران ایران کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
آذربائیجان کے کاراباخ ریجن کے شہر خان کندی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کو دہرایا۔
وزیراعظم نے خطے میں امن کےلیے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کےلیے مبارکباد اور نیک خواہشات کا بھی پیغام دیا۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران ایران کےلیے پاکستان کی مضبوط سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی آذربائيجان کے صدر الہام علییوف سےبھی ملاقات ہوئی، اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع میں آذربائیجان کی مستقل حمایت پر صدر الہام کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ دونوں ممالک کی قیادت کی حالیہ بات چیت باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں