بلوچستان میں تمام دہشتگرد گروہ فتنہ الہندوستان قرار
وزارت داخلہ نے ایک اہم اور غیر معمولی اقدام کے تحت صوبہ بلوچستان میں سرگرم تمام دہشت گرد تنظیموں کو "فتنہ الہندوستان” کا نام دے دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تمام تنظیموں کو آئندہ "فتنہ الہندوستان” کے نام سے جانا جائے گا۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ نام ان تنظیموں کے "حقیقی نظریات، مقاصد اور عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے تجویز کیا گیا ہے”۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف عوام کو ان تنظیموں کی اصل حقیقت سے آگاہ کرنے کے لیے ہے بلکہ قومی بیانیے کو بھی مضبوط بنانے کی ایک کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر بیرونی طاقتوں کے آلہ کار بن کر ریاست پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں تیزی آئی ہے، جس کے باعث سیکیورٹی ادارے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں