آزاد کشمیر میں پہلی بار ڈپٹی میئر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش

آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی نظام میں پہلی بڑی پیش رفت، ضلع باغ میں میونسپل کارپوریشن کے 13 ممبران نے ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کر دی۔ ذرائع کے مطابق 20 رکنی ایوان میں سے 13 ممبران نے دستخط شدہ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈپٹی میئر باغ، سید افراز گردیزی، کونسل کا اعتماد کھو چکے ہیں اور مسلسل ادارے کی پالیسیوں کے برخلاف اقدامات کر رہے ہیں۔

تحریک میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ڈپٹی میئر نے سوشل میڈیا اور مختلف سوسائٹیز میں میونسپل کارپوریشن باغ کے خلاف من گھڑت اور متنازعہ بیانات دیے، جس سے ادارے کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی تشہیر اور خودنمائی کے لیے ادارے کے اجتماعی مفادات کو پسِ پشت ڈال رہے ہیں۔ ممبران کے مطابق ڈپٹی میئر کے طرزِ عمل کی وجہ سے کارپوریشن کے اندر اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں اور روز بروز نئے تنازعات جنم لے رہے ہیں۔

تحریکِ عدم اعتماد پر دستخط کرنے والوں میں سردار صیاد احمد خان، عبدالقادر خان، سبیل ممتاز، سردار صداقت زمان، سردار محمد حنیف خان، ڈاکٹر بشیر، سید عاقب ارشاد، نوید انور، راجہ صدیق اکبر، سید کامران علی گردیزی، سید اشفاق حسین شاہ، سید نعیم گیلانی، نادیہ اشتیاق اور فرزانہ بتول شامل ہیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد پر آئندہ اجلاس میں باقاعدہ ووٹنگ متوقع ہے، جو باغ کے بلدیاتی سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ اس تحریک کو آزاد کشمیر کے بلدیاتی نظام کی تاریخ کا پہلا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، جو بلدیاتی اداروں میں جوابدہی اور شفافیت کی ایک نئی مثال قائم کر سکتا ہے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے