چیمپئنز ٹرافی: صائم کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں متبادل کون ہوگا ؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ون ڈے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان ٹیم نے سہ فریقی سیریز میں حصہ لینا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ صائم ایوب کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں سلیکٹرز نے متبادل لانے کا فیصلہ کر لیا، صائم ایوب کا فیصلہ ہو گیا تو سہ فریقی سیریز کی ٹیم ہی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں : صائم ایوب علاج کیلئے لندن روانہ
چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے آؤٹ آف فارم عبداللّٰہ شفیق اور عثمان خان کے ڈراپ ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ فخر زمان کی اسکواڈ میں شمولیت یقینی ہے جبکہ امام الحق اور حسیب اللّٰہ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، طیب طاہر اور عرفان خان کی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، حارث رؤف، کامران غلام، ابرار احمد اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیموں نے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاکستان بھی آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ کے نام بھجوا چکا ہے۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے 11 فروری تک حتمی اسکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے۔
پاکستان، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو ہو گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں