سال 2024، کھیل کا میدان اور پاکستان

سال 2024 گزرچکا اور نیا سال شروع ہو چکا ہے، پچھلے سال پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں کچھ بہت ہی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں سب سے پہلے اور سب سے قابل ذکر کامیابی اولمپکس میں پہلی بار سونے کا تمغہ جیتنا ہے۔ پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے قوم کا 77 سالہ انتظار ختم کیا اور بالآخر پہلی بار پاکستان اولمپکس گیمز میں انفرادی ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہا۔


اس کے فوری بعد پیرس میں ہی منعقدہ پیرالمپکس 2024 میں پاکستان سے شریک ہونے والے اکلوتے کھلاڑی حیدر علی نے بھی کانسی کا تمغہ جیت کر قوم کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی میں بھی گرین شرٹس نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان نے برونز میڈل اپنے نام کیا، پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم ایران میں ہونے والے مینز ہاکی جونیئر ایشیا کپ 2024 کے فائنل تک رسائی اور سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہی اور اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے مینز ہاکی جونیئر ورلڈ کپ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔


1983 میں شروع ہونے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان کی ٹیم 13 سال بعد فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی اور بہت سی سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان سے شکست کھا گئی، مقررہ وقت 2-2 گول سے برابر تھا تاہم پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ہم 4-1 سے پیچھے رہ گئے، پاکستان نے اذلان شاہ ہاکی کپ 3 مرتبہ 1999، 2000 اور 2003 میں جیت رکھا ہے جبکہ 7 مرتبہ قومی ٹیم اس میگا ایونٹ کی رنرزاپ رہی ہے۔


اسی طرح والی بال میں پاکستان کو شاندار کامیابی ملی، پاکستان انڈر 18 والی بال ٹیم نے 15 ویں ایشین انڈر18 والی بال چیمپیئن شپ میں جاپان کو 3-0 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اس سے پہلے قومی ٹیم اسی ایونٹ میں انڈیا اور جنوبی کوریا جیسی مضبوط ٹیموں کو بھی زیر کر چکی تھی۔


ایشین والی بال چیمپیئن شپ 2024 میں بھی پاکستان نیشنل والی بال ٹیم نے سلور میڈل جیتا، پاکستان کے مایہ ناز والی بال سٹار عثمان فریاد کو ایشین مینز کلب چیمپیئن شپ میں (MVP) موسٹ ویلیوایبل پلیئر قرار دیا گیا۔ سکواش میں یو ایس جونیئر اوپن میں ہرماس علی رجب انڈر11 بوائز کا ٹائٹل جیت کر یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستان کھلاڑی بنے، ماہ نور علی نے انڈر13 گرلز میں سونے کا تمغہ جیتا۔ اسی طرح سکاٹش جونیئر اوپن 2024 میں بھی ماہ نور علی انڈر 13 اور سہیل عدنان بوائز انڈر13 کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔


ملائیشیا میں ہونے والے انٹرنیشنل تائیکوانڈو ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 21 میڈلز اپنے نام کئے جن میں 7 گولڈ، 6 سلور اور 8 برونز میڈلز شامل تھے، سوات کے عامر خان نے بنکاک میں تائیکوانڈو انٹرنیشنل ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ پاکستان کے مایہ ناز سنوکر سٹار محمد آصف نے دوہا میں آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپیئن شپ 2024 کا ٹائٹل جیتا، یہ بات بھی سب کے لئے حیرت کا باعث ہوگی کہ محمد آصف نے کوالیفائر کی حیثیت سے وائلڈ کارڈ پر اس ایونٹ میں حصہ لیا اور فاتح قرار پائے۔ 42 سالہ آصف کے انٹرنیشنل کیریئر کا یہ تیسرا عالمی ٹائٹل تھا۔ایک اور سنوکر سٹار اسجد اقبال نے منگولیا سنوکر ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برونز میڈل جیتا۔

کرکٹ کی بات کی جائے تو قومی ٹیم کی کارکردگی ملی جلی رہی، گزشتہ سال گرین شرٹس نے 42 انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا، 22 جیتے 19 ہارے اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ قومی ٹیم نے 7 ٹیسٹ میچز کھیلے 2 جیتے اور 5 میں اسے شکست ہوئی۔ 14 ون ڈے میچز میں پاکستان نے 8 جیتے اور 6 میں قومی ٹیم ناکام رہی۔ اسی طرح 21 ٹی 20 میچز میں سے شاہینوں نے 12 جیتے، 8 ہارے اور ایک میچ بے نیتجہ رہا۔


قومی ٹیم 2024 میں دنیا کی واحد ٹیم تھی جس نے تین ٹیموں کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں جا کر ون ڈے سیریز ہرائی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 22 سال بعد ان کی سرزمین پر سیریز جیتی، اس کے بعد زمبابوے کے خلاف 2-1 اور جنوبی افریقہ کے خلاف 3-0 سے وائٹ واش کیا۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم گزشتہ سال اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ مختصر وقت کے لئے ہی سہی لیکن آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی۔ رواں سال قومی ٹیم مجموعی طور پر 4 ٹیسٹ، 18 ون ڈے میچز اور 25 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جبکہ اگلے ماہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی سہ ملکی سیریز کے علاوہ 29 سال بعد آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے