وزیر امور کشمیر سے امریکی سفیر کی ملاقات ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار کی تعریف

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے پاکستان میں تعینات  امریکہ کے سفیر ڈونلڈ  بلوم  نے ملاقات کی  ،ملاقات کے دوران افغان مہاجرین کی بہبود، بحالی, دوطرفہ تعاون سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان پر دہشت گردی کے شدید اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے انسانی جانوں اور معاشی نقصانات کے حوالے سے بے پناہ قربانیوں کا ذکر کیا۔ 2001 سے پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے 70,000 سے زائد جانیں ضائع  جبکہ  150 بلین ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔

انجینئر امیر مقام نے افغان مہاجرین کی واپسی میں امریکہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔ انجینئر امیر مقام نے میزبان کمیونٹیز کے لیے امریکی امداد میں اضافے اور مہاجرین کی واپسی کے لیے افغانستان میں سازگار حالات پیدا کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی اقتصادی ترقی بالخصوص ٹیکسٹائل جیسی برآمدات کو بہتر بنانے میں تعاون کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےپاکستان خاص طور پر خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشت گردی کے شدید اثرات کا اعتراف کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے افغان شہریوں کی میزبانی کی حمایت میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ملاقات کا اختتام دونوں فریقین کی جانب سے جاری تعاون کے عزم کے ساتھ ہوا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے