غیر قانونی طور پر پاکستانیوں کو لے جانے والے انسانی سمگلرز کے خلاف وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

جون 2023 میں یونان کشتی حادثے پر قائم انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت نے ایک اور کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے اس نئی کمیٹی کی تشکیل دی، جو یونان میں ہونے والے حالیہ کشتی حادثے کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔

یہ کمیٹی انسانی سمگلنگ کے خلاف وفاقی حکومت کے اقدامات میں مزید بہتری لانے کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ کمیٹی کی قیادت انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ کی روک تھام کے لیے قائم اتھارٹی کے چیئرمین، مشتاق احمد سکھیرا کریں گے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں اتھارٹی کے ڈی جی احسان صادق اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ملک سکندر حیات شامل ہوں گے۔

کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری ایف آئی اے کی ابتدائی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لینا ہے۔ اس کے علاوہ، کمیٹی انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات میں سست روی کی وجوہات کی نشان دہی کرے گی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے ساتھ مل کر کام کرنے والے کرپٹ عناصر کی نشاندہی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:یونان، تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک، 40 لاپتا

کمیٹی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس تمام معاملے میں ذمے دار افراد کا تعین کرے گی اور اس کے خلاف ایک جامع لائحہ عمل پیش کرے گی تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو دو روز میں پیش کی جائے گی۔

یہ اقدام حکومت کی جانب سے انسانی سمگلنگ کے خلاف مزید سخت اقدامات اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی عزم کا مظہر ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے