عمران خان نے 24 نومبر کی احتجاجی کال واپس لینے کے لئے اپنی رہائی کی شرط رکھ دی ، حکومت کا صاف انکار
بانی تحریک انصاف عمران خان اور حکومت کے درمیان بیک ڈور رابطوں میں بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کی کال واپس لینے کے لیے اپنی رہائی کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم حکومت نے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان بیک ڈور ہونے والی بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔حکومت نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل قریب میں آپ کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے، لیکن سابق وزیراعظم کی جانب سے اس سے اتفاق نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی کو پیشکش کی تھی کہ آپ سنگجانی میں عوامی ریلی کا انعقاد کریں اور اسی روز منتشر ہوجائیں، اس معاملے پر تحریک انصاف کی قیادت ایک بار پھر عمران خان سے مشاورت کرسکتی ہے۔
پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے میڈیا کو بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کو رہا کیا جائے، ایسی صورت میں ہی 24 نومبر کی کال واپس لی جاسکتی ہے۔ایک وفاقی وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے تحریک انصاف سے کہا ہے کہ وہ باضابطہ مذاکرات کے لیے رضامندی کا اعلان کرتے ہوئے 24 نومبر کی کال واپس لے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں