کراچی ایئرپورٹ دھماکا پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش دھماکے کو پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
سی ٹی ڈی نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی انجینئرز کے قافلے پر خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرادی۔
سی ٹی ڈی حکام نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی ملوث ہے، دہشت گردوں نےملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کی گاڑیوں کے قافلے کے قریب لاکر دھماکے سے اڑایا۔رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آؤٹر ٹرمینل کےقریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے کیا گیا،پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی۔
مزید کہا گیا ہے کہ دھماکےمیں 2 چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد لقمہ اجل بنے جبکہ 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے، دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے کی ذمے داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کرلی ہے، واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل، خودکش حملے، دھماکا خیزمواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی گونج ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت شہر کے دور دراز علاقوں میں بھی سنی گئی تھی، ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ آئل ٹینکر پھٹنے کو قرار دیا گیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد اسے خودکش دھماکا قرار دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے