ایران اسرائیل کیخلاف اپنے حق دفاع کے تحت کارروائیاں کر رہا ہے: روس
روس نے اسرائیل سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ ایران اپنے حق دفاع کے تحت کارروائیاں کر رہا ہے۔میڈیا سےگفتگو میں روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے ممکنہ خطرناک نتائج سب کے لیے واضح ہیں۔
روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے اسرائیل کی ذمہ داری ہےکہ وہ تحمل اور سمجھداری کا مظاہرہ کرے، تہران اپنے حق خود دفاع کا استعمال کر رہا ہے۔سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ روس، ایران اور اسرائیل دونوں سے رابطے میں ہے اور روس ایران پر امریکا سے بھی بات کر رہا ہے۔
دوسری جانب ویانا میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کےگورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں روسی نمائندے نے اسرائیلی جارحیت میں ہونے والے جانی نقصان پر ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
روسی نمائندے نےکہا کہ روس ایرانی جوہری تنصیبات ‘جو کہ آئی اے ای اے کی نگرانی اور ضمانت کے تحت ہیں’ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اسرائیلی قیادت کے یہ بیانات کہ حملے تب تک جاری رہیں گے جب تک ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ نہ کر دیا جائے، ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں