ڈونلڈ ٹرمپ مکس مارشل آرٹس مقابلے دیکھنے یو ایف سی ایونٹ میں پہنچ گئے
صدر منتخب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی کامیابی کا جشن ہفتے کی رات کو نیویارک سٹی کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (یو ایف سی) ایونٹ میں شرکت کر کے منایا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایلون مسک اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں ۔ شائقین نے ٹرمپ کا پرتپاک استقبال کیا ، ایونٹ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ مکس مارشل آرٹس کی دنیا میں "کمبیٹنٹ ان چیف” کے طور پر جانے جاتے ہیں، ٹرمپ یو ایف سی کے صدر ڈانا وائٹ کے قریبی دوست اور اس کھیل کے شائقین کو اپنی سیاسی بنیاد کا حصہ سمجھتے ہیں۔ٹرمپ ایونٹ کے دوران زیادہ تر وقت وائٹ اور ایلون مسک کے ساتھ بیٹھے رہے اور مقابلوں کو دلچسپی سے دیکھتے رہے۔ انہوں نے فائٹس کے بعد بعض کھلاڑیوں سے بات چیت بھی کی۔ایونٹ میں شریک دیگر اہم شخصیات میں ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن، معروف گلوکار کِڈ راک، اور رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر شامل تھے ، جنہیں ٹرمپ نے سیکرٹری صحت و انسانی خدمات کے لیے نامزد کیا ہے ۔
اس کے علاوہ ان کے ہمراہ انٹیلیجنس چیف کے امیدوار تلسی گیبرڈ اور کنٹری سنگر جیلی رول بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران ٹرمپ نے اپنے مشہور انتخابی ترانے "وائی ایم سی اے” پر ڈانس کے چند اشارے بھی کیے، جس پر شائقین نے خوشی کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں