ایرانی جوابی حملے کا خوف،امریکہ نے قطرائیر بیس سے طیارے ہٹالیے
امریکہ نے ایرانی حملوں کے خطرے کے پیش نظر قطر کے العدید ائیربیس سے اپنے طیارے ہٹالیے۔سیٹیلائٹ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایران اسرائیل جنگ سے قبل کئی طیارے موجود تھے تاہم اب ائیر بیس پر کوئی طیارہ موجود نہیں۔
امریکی حکام نے برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے طیارے ہٹانے کی تصدیق کی اور ایرانی حملے کے خطرے کو اس اقدام کی وجہ قرار دیا۔حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ قطر کے العدید ائیر بیس سے ہٹائے گئے یہ طیارے ایرانی حملوں کی زد میں آسکتے تھے۔
امریکی عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ مشرقی وسطیٰ سے کچھ امریکی بحری جہازوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔دوسری جانب قطر میں موجود امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے کو العدید ائیر بیس تک رسائی سے عارضی طور پر روک دیا۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے باہر واقع العدید ائیر بیس مشرقی وسطیٰ میں امریکا کی سب سے بڑی ائیر بیس ہے اور یہاں ایران اسرائیل کشیدگی سے قبل امریکا کے کئی طیارے موجود تھے۔ یہ فوجی اڈا 1996 میں قائم کیا گیا، یہاں تقریباً 10 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں، یہ اڈہ سینٹ کام کا فارورڈ ہیڈکوارٹر ہے، عراق، شام اور افغانستان میں امریکی کارروائیوں کا مرکز رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں