ٹیم کی جیت اور ٹریوس ہیڈ کی سنچری سے کرکٹ آسٹریلیا افسردہ کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جیت سے کرکٹ آسٹریلیا کا لاکھوں ڈالرزکا نقصان ہو گیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ سنچری سے ٹیسٹ میچ دوسرے روز ہی ختم ہو گیا، ٹریوس ہیڈ کی وجہ سے ٹیسٹ تیسرے روز تک بھی نہ جا سکا اور ٹیم کی جیت نے کرکٹ آسٹریلیا کا نقصان کرا دیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پہلے سے خسارے کا شکار کرکٹ آسٹریلیا کے افسران افسردگی کے عالم میں ہیں، پرتھ ٹیسٹ 1921 کے بعد پہلا ایشیز ٹیسٹ ہے جو دو روز میں مکمل ہوا ہے، اب کرکٹ آسٹریلیا کو تیسرے اور چوتھے روز کی ٹکٹیں کرکٹ فینز کو واپس کرنا ہیں۔

پانچویں روز کے ٹکٹ اسی روز فروخت ہوتے ہیں، ایک محتاط اندازے کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کو دو ملین آسٹریلوی ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہے، کچھ میڈیا رپورٹس میں کرکٹ آسٹریلیا کا مجموعی نقصان 3 ملین آسٹریلوی ڈالرز بتایا گیا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق براڈ کاسٹرز کمپنیوں کا نقصان زیادہ تکلیف دہ بتایا جا رہا ہے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فینز بارمی آرمی بھی ٹیسٹ کے جلد ختم ہونے پر افسردہ انگلینڈ واپسی کا پلان کرنے لگے، پہلے دو روز میں ایک لاکھ ایک ہزار 514 تماشائیوں نے پرتھ ٹیسٹ میچ دیکھا، جبکہ تیسرا سولڈ آؤٹ تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے ایک پروگرام میں میچ جلد ختم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ ہمیں اپنے براڈ کاسٹرز کا سب سے پہلے خیال ہے، مالی طور پر اس سیریز پر بہت اثر پڑے گا، یقینی طور پر ہم ہمارے پارٹنر اور اسپانسرز اس میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کو آسٹریلیا اور انڈیا کی گزشتہ برس بلاک بسٹر سیریز سے بھی نقصان ہو چکا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نےسالانہ اجلاس میں اپنا 11.3 ملین ڈالرز کا خسارہ ظاہر کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے